کلبرگی، 6 مارچ (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ وہ پاکستان کی شہہ پرپھیلائی جانے والی دہشت گردی اور ملک سے بدعنوانی کو جڑ سمیت ختم کرنے کے لیے پابند عہد ہیں اور ان امور کے لیے انھیں ملک کی 125 کروڑ کےعوام نے قوت بخشا ہے ۔
مسٹر مودی نے کرناٹک کے کلبرگی کے این وی گراؤنڈ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی 125 کروڑ عوام نے انھیں دہشت گردی ، کانگریس اور اس کی اتحادی پارٹیوں کے بد عنوانی کے خلاف لڑنے کی طاقت دی ہے۔
انہوں نے کہا،’ مودی کسی سے نہیں ڈرے گا۔ کانگریس کے رہنما اسے مارنا چاہتے ہیں لیکن اسے کوئی پرواہ نہیں۔ وہ یہاں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف لڑنے ، غریبوں کے لیے سب کچھ کرنے اور بد عنوانی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ہے لیکن کانگرس ملک کو کمزور کرنےکے لیے کمزور اتحاد کے ذریعے ملک میں ایک غیر مستحکم حکومت لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عوام کو ایسی طاقتوں کو شکست دینا چاہیے‘۔
مسٹر مودی کایہ رد عمل کانگریس کے رہنما بی گوپال کرشن کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے دو دن پہلے ایک پروگرام میں مبینہ طور پر کہا تھا،’ آپ لوگوں نے جس طرح بابائے قوم گاندھی جی کی تصویر پر گولی ماری تھی اسی طرح کیا آپ لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی گولی ماروگے‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس کے گذشتہ 30 برس کے دورحکومت میں عالمی درجہ بندی میں ہندوستان کو نقصان پہنچا ہے لیکن قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے دور حکومت میں عالمی شناخت حاصل ہوئی ہے اور یہ اہم ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔