کلکتہ 2/ فروری(یو این آئی)بنگال میں لوک سبھا انتخابات کی مہم کا بگل بجاتے ہوئے وزیرا عظم مودی نے آج کہا ہے کہ بنگال کی فضا میں صاف صاف دکھائی دے رہا ہے ”بنگال میں تبدیلی آچکی ہے“ ترنمول کانگریس کی حکومت کا عوام خاتمہ چاہتے ہیں۔
ٹھاکر نگر کے بعد صنعتی شہر درگا پور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم مودی نے ’بی جے پی کے جمہوریت بچاؤ‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ورکر وں سے بنگال کے عوام محبت کرنے لگے ہیں بی جے پی نے ممتا بنرجی کو نیند سے بیدار کردیا ہے۔وزیرا عظم مودی نے کہا کہ ’میں بی جے پی ورکروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی قربانیاں اور جد و جہد رائیگاں نہیں جائے گی۔بی جے پی کے ورکر سوامی ویکانند کی راہ پر چل رہے ہیں۔وزیرا عظم مودی نے کہا کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت نے غریب عوام کو مرکزی حکومت کی اسکیموں سے محروم کردیا ہے اور اس کا فیض عوام تک نہیں پہنچ رہا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ترنمول کانگریس بنگال کے عوام سے ’ترنمول ٹولا بازی ٹیکس“ لے رہی ہے اور جو ٹیکس نہیں دیتے ہیں اس کو انجام تک پہنچادیاجاتا ہے۔وزیرا عظم مودی نے بنگال کے عوام بالخصوص خواتین سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہیں یہاں بے شمار پریشانیاں لاحق ہیں،اس لیے انہوں نے بنگال پر فوکس کیا ہے۔
بنگال کی ترقی اور انفراسٹکچر پربات کرتے ہوئے وزیرا عظم مودی نے کہا کہ بنگال حکومت بنگال کی ترقی کیلئے سنجید نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے متکبرانہ رویہ کی وجہ سے 90,000کروڑ روپے کا پروجیکٹ کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ریاستی حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے بنگال ترقی سے محروم ہوگیا ہے۔مرکزی حکومت کے عبوری بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ متوسط طبقے کو ٹیکس میں بڑی راحت دی گئی ہے۔اس بجٹ سے ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کا آغاز ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کسانوں کو 6ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیرا عظم مودی نے کہا کہ عبوری بجٹ ”سب کا ساتھ سب کا وکاس“ کا بین ثبوت ہے۔اس میں سماج کے ہرسوسائٹی کیلئے سب کچھ ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ دیدی نے بھی بایاں محاذکے دور اقتدار میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔مجھے امید تھحی کہ ممتا بنرجی ان سب باتوں نہیں دہرائیں گی مگر ممتا بھی اسی راہ پر چل رہی ہیں۔
وزیرا عظم نے کہا کہ ممتا حکومت نے”آیوش مان بھارت یوجنا“ سے فائدہ حاصل کرنے سے روک دیا ہے۔مرکزی پروجیکٹوں کو درکنارکردیا گیا ہے اس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔وزیرا عظم نے کہا کہ جو لوگ غریبوں کو اس کے حقوق سے روک رہے ہیں عوام ان کو سبق سکھائیں گے۔وزیرا عظم مودی نے کہا کہ اگر عوام جاگ جائیں گے تو دیدی کی نیند بھی خراب ہوگی۔
وزیرا عظم مودی نے کہا کہ ہم کسانوں کو صرف ایک مرتبہ فائدہ نہیں پہنچائیں گے بلکہ اگلے 10سالوں تک کسانوں کو فائدہ ملتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے قرض معافی کے نام پر کسانوں کو دھوکہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے اکاؤنٹ میں براہ راست نقد کی منتقلی یہ سب سے بڑی اسکیم ہے۔