نئی دہلی‘ 13مئی (یو این آئی) کانگریس نے مدھیہ پردیش کے رتلام میں وزیر اعظم نریندر مودی کی انتخابی مہم کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تقسیم کے لئے ذمہ دار محمد علی جناح کی شان میں قصیدہ پڑھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار گمان سنگھ ڈامور کے بیانات کے سلسلے میں مسٹر مودی کو ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ دو دن پہلے رتلا م کے بی جے پی امیدوار ڈامور نے جناح کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پنڈت جواہر لال نہرو کی جگہ جناح کو وزیر اعظم بنا دیا جاتا تو ملک کے ٹکڑے نہیں ہوتے۔ مسٹر کھیرا نے اس بیان کی مذمت کی اور کہاکہ مسٹرمودی کے ساتھ ہی بی جے پی صدر امت شاہ‘ مرکزی وزیر ارون جیٹلی اور بی جے پی کی اعلی قیادت اس بیان کے لئے ملک سے معافی مانگے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ مسٹر ڈامور کے قابل اعتراض بیان کے دو دن بعد ہی مسٹر مودی انکے پارلیمانی حلقہ رتلام پہنچ کر ان کے لئے ووٹ مانگتے ہیں۔یہ سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ بی جے پی لیڈر پنڈت نہرو سے نفرت کرکے جناح سے محبت کربیٹھتے ہیں یا جناح کے پیار میں نہرو سے نفرت کرتے ہیں۔ا س ضمن میں انہوں نے ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کی ایک کتاب کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بابا صاحب نے لکھا ہے کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ ملک کی تقسیم کے معاملے پر آر ایس ایس اور جناح کے خیالات یکساں ہیں۔