ساگر،5مئی؛)وزیراعظم نریندرمودی نے آج کسی کا نام لئے بغیر کانگریس اور اس کے لیڈروں پر زوردار طنزیہ حملے کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ’ایکٹنگ پی ایم ‘ کو کرسی پر بٹھاکر ’شہزادے‘کو تربیت دینے کی بھرپورکوشش کی،لیکن ان کوششوں کے چکر میں ملک کے 10سال برباردہوگئے۔
مسٹر مودی نے آج مدھیہ پردیش کے ساگر پارلیمانی حلقے سے پارٹی کے امیدوار راج بہادر سنگھ کی حمایت میں منعقد انتخابی جلسے میں کہاکہ کانگریس نام داروں نے اپنی نسل کے فائدے کےلئے ملک کی کئی نسلوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ملک نے انہیں جو وقت دیا،اس کا استعمال نام داروں نے بدعنوانی اور کالے دھن کا ذخیرہ بنانے میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 2004 میں ’پی ایم ان ووٹنگ‘ کے سمجھدار ہونے کے انتظار میں 10سال تک ملک میں ’ایکٹنگ پی ایم ‘تھوپ دیا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح کرکٹ میں دن کا کھیل ختم ہوتے وقت آخری کھلاڑی کے طورپر پر نائٹ واچمین کو بھیجتے ہیں،ویسے ہی کانگریس نے بھی کیا۔سال 2004 میں انہیں اچانک موقع ملا،اس وقت’شہزادے ‘ کو ملک سنبھالنے کی سمجھ نہیں تھی۔کسی کو ’شہزادے‘ پر بھروسہ بھی نہیں تھا،اس لئے خاندان کے وفادار واچ مین کوبٹھانے کا منصوبہ بنایا۔انہوں نے سوچا شہزادہ آج سیکھے گا،کل سیکھےگا۔’شہزادے‘ کو بھرپور ٹریننگ دینے کی کوشش کی،لیکن سب کچھ بے کار ہوگیا۔ لیکن اس کوشش میں ملک کے 10سال برباد ہوگئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک پوری دہائی کانگریس نے بے کار جانے دی۔سال 2004 میں اٹل بہاری حکومت نےآٹھ فیصد ترقی کی شرح سونپی تھی۔بدلے میں کانگریس نے 2014میں ترقی کی شرح پانچ فیصد اور اوسط 10فیصد مہنگائی کی شرح سونپی۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات سے باہر نکلنے کےلئے ملک نے 2014 میں ایک مضبوط حکومت بنائی،جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔