نئی دہلی،5اپریل(یواین آئی)کورونا کی وبا سے نمٹنے کےلئے حکومت کی جانب سے جنگی سطح پر کی جانے والی کوششوں کے درمیان آج وزیراعظم نریندرمودی نے سابق صدر پرنب مکھرجی اور پرتیبھا پاٹل کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم من موہن سنگھ اور ایچ ڈی دیویگوڑا سے بھی بات چیت کی ہے۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر مودی نے ان لیڈروں کے علاوہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے اعلی لیڈروں کے ساتھ بھی کورونا وائرس سے پیدا ہوئے حالات پر تفصیل سے غورو خوض کیا۔
وزیراعظم نے دونوں سابق صدور اور سابق وزرائے اعظم کے ساتھ ٹیلی فون پر اس غیر معمولی بحران کے بارے میں بات کی اور ملک میں کورونا کے انفیکشن سے متعلق مختلف مسئلوں پر بحث کی۔اس دوران کورونا کے انفیکشن کی حلات اور اس سے نمٹنے کےلئے حکومت کے ذریعہ کی جانے والی کوششوں پر خاص طورپر بات ہوئی۔
مسٹر مودی نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کو بھی فون کیا اور ان کے ساتھ بھی کورونا کی وجہ سے پیدا حالات کے تمام پہلوؤں پر غور و خوض کیا۔وزیراعظم نے جن لیڈروں کے ساتھ بات کی ان میں کانگری صدر سونیا گاندھی،سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو،اکھیلیش یادو،ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی ،بیجو جنتا دل کے سربراہ نوین پٹانئک،تلنگانہ راشٹر کمیٹی کے کے چندر شیکھر راؤ،ڈی ایم کے کے ایم کے اسٹالن اور شرومنی اکالی دل کے پرکاش سنگھ بادل شامل ہیں۔
ملک میں پچھلے کچھ دنوں میں کورونا کے انفیکشن کے معاملوں میں کچھ تیزی آئی ہے اور حکومت انفیکشن کو روکنے کےلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔
مسٹر مودی نے اس موقع پر ملک کے عوام سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے آج رات نو بجے اپنے گھروں کی بجلی بند کر کے اپنی بالکونی میں چراغ جلاکر اندھیرے پرروشنی کی جیت کا عزم لینے کو کہاہے۔