بھوپال : وزیر اعظم نریندر مودی آج مدھیہ پردیش کے چھ امرت اسٹیشنوں سمیت ملک بھر میں دوبارہ تیارکئے گئے 103 امرت اسٹیشنوں کا افتتاح کریں گے، اس کے لئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے وزیر اعظم مسٹر مودی سے اظہار تشکر کیا ہے۔
ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم کی دور اندیش قیادت میں ہندوستانی ریلوے نے گزشتہ دہائی میں بے مثال پیش رفت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے 6 امرت اسٹیشنوں سمیت کل 103 اسٹیشنوں کا افتتاح ایک تاریخی لمحہ ہے۔ یہ ریلوے انفراسٹرکچر کے میدان میں ایک نیا معیار قائم کرے گا۔ وزیر اعظم مسٹر مودی کے ہاتھوں ان اسٹیشنوں کا افتتاح ہونا بڑے فخر کی بات ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ امرت اسٹیشن ملک کی ‘ترقی کا گیٹ وے’ ثابت ہوں گے۔ مسافر اب عالمی معیار کی سہولیات کے ساتھ زیادہ آسان، محفوظ اور پرلطف سفر کا تجربہ کریں گے۔ ان اسٹیشنوں کے ذریعے کاروبار، سیاحت اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
ان اسٹیشنوں کو ‘امرت بھارت اسٹیشن یوجنا’ کے تحت تیار کیا گیا ہے، جس میں جدید فن تعمیر، مسافروں کی اسمارٹ سہولیات، سبز توانائی کے ذرائع اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی شامل ہیں۔