نئی دہلی، 20اپریل (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی منگل کی شام ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ٹیکہ بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کریں گے وزارت صحت کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران مسٹر مودی کے کووڈ19 ٹیکہ کی صلاحیت کو بڑھانے پر بات چیت کی امید ہے افسر نے کہاکہ پیر کو حکومت نے یکم مئی سے ٹیکہ کاری کے تیسرے مرحلہ میں 18برس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو بھی ٹیکہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ٹیکہ کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔
کئی ریاستوں نے ویکسین کی کمی کا الزام لگایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ٹیکہ کی کمی کی وجہ سے کئی مرکز حکومت کے اس دعو ے کے باوجود بند کردیئے گئے کہ ملک میں ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔
کوو شیلڈ اور کو ویکسین کے بعد حکومت نے ہنگامی حالات میں روس کی اسپوتنک۔وی تیسرے کووڈ۔19ویکسین ’گم کووڈ ویک‘ کا ٹیکہ لگانے کو منظوری دے دی ہے۔ ڈرگس کنٹرولر جنرل انڈیا (ڈی سی جی آئی) کی موضوعاتی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر ٹیکہ کے ہنگامی استعمال کے لئے اجازت دی گئی ہے۔
مسٹر مودی کی کل ڈاکٹروں اور فارما کمپنیوں کے بعد ان گروپوں کے ساتھ یہ تیسری بات چیت ہوگی۔ انہوں نے 16اپریل کو ملک میں آکسیجن کی دستیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔
خیال رہے کہ ملک میں اب تک 12.72کروڑ سے زیادہ لوگوں کو کورونا وائرس کا ٹیکہ لگ چکا ہے۔