نئی دہلی، 21 مئی (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر جھوٹ پھیلانے کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ بول کر اقتدار میں آئے ہیں اور گزشتہ 10 برسوں سے وہ ملک کے لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔
کانگریس لیڈروں نے کہا کہ اب لوگ وزیر اعظم کے جھوٹ سے تنگ آچکے ہیں اور لوگ بی جے پی سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک ہوئے انتخابات میں بی جے پی کی یقینی شکست دیکھ کر مسٹر مودی گھبرا گئے ہیں اور الٹے سیدھے بیان دے رہے ہیں۔
مسٹر کھڑگے نے کہا ’’مودی جی جھوٹ بول کر اور پولرائزیشن کرکے اقتدار میں آئے۔ وزیر اعظم اب جو دعوے کر رہے ہیں وہ بچگانہ ہیں اور مجھے ان سے ہمدردی ہے۔ ان کی تقاریر اب کام نہیں کر رہیں، کیونکہ ہندوستان کے لوگوں کو حقیقت کا اندازہ ہو گیا ہے۔ انڈیا گروپ اگلی حکومت بنائے گا۔
مسٹر گاندھی نے کہا ’’ایک طرف نریندر مودی کا جھوٹ، پروپیگنڈہ اور ان کا دوست میڈیا ایک طرف ، سچ کی آواز ایک طرف۔ بی جے پی حکومت کی 10 سال کی دھوکہ دہی سے پیدا ہونے والا غصہ اب انقلاب کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ یہ صرف ہریانہ کی نہیں بلکہ پورے ملک کی آواز ہے۔ اب انڈیا گروپ کی آندھی تھمنے والی نہیں ہے۔