میرٹھ، 24 دسمبر ؛ وزیر اعظم نریندر مودی 2 جنوری کو اتر پردیش کے میرٹھ میں مجوزہ میجر دھیان چند اسپورٹس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 32 کلومیٹر دور سردھانا تحصیل کے گاؤں سلاوا میں ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کے نام پر یہ اسپورٹس یونیورسٹی تعمیر کی جائے گی ۔ وزیر اعظم کا پروگرام طے ہونے کے بعد یہاں انتظامی اور پولیس سطح پر تمام تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں مویشی پروری، ڈیری اور ماہی پروری کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر سنجیو بالیان نے سلاوا گاؤں کا دورہ کرنے کے بعد میرٹھ کے ڈویژنل کمشنر سریندرسنگھ کے ساتھ میٹنگ کرچکے ہیں ۔ میٹنگ میں پروگرام کے دوران ہونے والی مختلف سرگرمیوں اوران کی تیاریوں پرتبادلہ خیال کے ساتھ ہی متعلقہ افسران کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنڈال کے نزدیک ہیلی پیڈ بنانے، پارکنگ، ٹریفک کے متبادل انتظامات اور سکیورٹی پاس وغیرہ کا بھی جائزہ لیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سنگ بنیاد رکھنے کے پروگرام میں شرکت کے لیے میرٹھ کےعلاوہ سہارنپور، مرادآباد، علی گڑھ اور آگرہ ڈویژن کے مختلف اضلاع سے تقریباً 30ہزار کھلاڑی میرٹھ پہنچیں گے ۔ کھلاڑیوں کو لانے اور لے جانے کے لیے خصوصی بسوں کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سنگ بنیاد رکھنے کے پروگرام میں وزیر اعظم مودی کسان سمان ندھی یوجنا اور پردھان منتری آواس یوجنا وغیرہ کے مستفیدین کو سرٹیفکیٹ تقسیم کرکے انہیں اعزاز سے بھی نوازیں گے ۔
قابل ذکر ہے کہ کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مشہور میرٹھ میں تقریباً 700 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام کا اعلان اتر پردیش حکومت نے اس سال جنوری میں کیا تھا، جبکہ اگست میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس کا نام ہاکی کے عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا گیا۔