نئی دہلی، 8 جون (یو این آئی) اس سال بین الاقوامی یوم یوگا پر 21 جون کو اہم تقریب جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی کے پربھات تارہ میدان میں منعقد کی جائے گی جس میں وزیر اعظم نریندر مودی تقریبا 30 ہزار لوگوں کے ساتھ یوگا کی مشق کریں گے۔
بین الاقوامی یوگا کے دن کے لئے نوڈل وزارت کے طور کام کر نے والی وزارت آیوش اس موقع پر ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کرے گی۔ اہم تقریب سے پہلے 13 جون کو رانچی میں ایک پریکٹس سیشن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ریاست کی کئی معزز شخصیات کے ساتھ ساتھ متعدد یوگا گرو اور یوگا ادارے حصہ لیں گے۔
راجدھانی دہلی میں اہم پروگرام راج پتھ پر ہو گا جس کا انعقاد نئی دہلی میونسپل کونسل وزارت آیوش کے ساتھ مل کر کرے گی۔ اس کے علاوہ لال قلعہ، نہرو پارک، لودھی گارڈن، تال کٹورہ گارڈن، جمنا اسپورٹس کمپلیکس، گولڈن جوبلی پارک روہنی اور دوارکا سیکٹر -11 میں یوگا کے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔