نئی دہلی : دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پچھلی حکومت کے محلہ کلینک کو بدعنوانی کا سب سے بڑا اڈہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاج کے نام پر عوام کو صرف دھوکہ دیا گیا۔
منگل کو تیس ہزاری کورٹ کمپلیکس میں آیوشمان آروگیہ مندر کا افتتاح کرنے کے بعد محترمہ ریکھا گپتا نے کہا کہ پچھلی حکومت میں محلہ کلینک کی حالت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’محلہ کلینک مکمل طور پر گھپلہ تھا، اس میں نہ کوئی دیکھ بھال تھی اور نہ ہی ادویات، اس کا مقصد صرف پیسہ کمانا تھا، محلہ کلینک کے نام پر نالیوں اور گندی جگہوں پر پوٹا کیبن میں اسے کھولا گیا جہاں ڈاکٹر کو 40 روپے فی مریض کے حساب سے ادا کیے جاتے تھے، ایسی صورتحال میں علاج کے معیار کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ محلہ کلینک بنانے کے نام پر کرایہ بھی کئی گنا زیادہ دیا گیا۔ محلہ کلینک پچھلی حکومت میں بدعنوانی کا سب سے بڑا اڈہ تھا۔
محترمہ گپتا نے کہا کہ آج دہلی میں 33 آیوشمان آروگیہ مندروں اور 17 جن اوشدھی کیندروں کا ایک ساتھ افتتاح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پانچ سال پہلے دہلی حکومت کو 2400 کروڑ روپے دیے تھے، لیکن پچھلی حکومت نے اپنی انا کی وجہ سے اس رقم کا استعمال نہیں کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کے قیام کے بعد اس رقم کا استعمال کیا جا رہا ہے اور اگلے سال مارچ تک 1140 آروگیہ مندروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آروگیہ مندر اور محلہ کلینک میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی آروگیہ مندر کھولے جائیں گے، محلہ کلینک بند کر دیے جائیں گے۔ آروگیہ مندر میں ہر قسم کے ٹیسٹ کی سہولت ہوگی اور وہاں قابل ڈاکٹر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے جن اوشدھی کیندر صرف اس لیے نہیں کھولے کہ وزیر اعظم اس سے منسلک تھے، لیکن ہماری حکومت نے تمام سرکاری اسپتالوں میں جن اوشدھی کیندر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج 17 جن اوشدھی کیندر کھولے گئے ہیں۔ دوسری طرف، دہلی کے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے وزیر پرویش صاحب سنگھ نے اپنے حلقے میں بابر روڈ پر آیوشمان آروگیہ مندر کا افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج دہلی میں صحت کے انقلاب کا دن ہے۔ دہلی کے لیے 33 آیوشمان آروگیہ مندر اور سستی ادویات کے لیے 17 نئے جن اوشدھی کیندر مرکزی حکومت کے عزم اور دہلی کی نئی حکومت کے صرف 100 دنوں میں کام کرنے کی طاقت کا نتیجہ ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی کے تمام کابینہ وزراء اپنے اپنے حلقوں میں ان مراکز کا افتتاح کریں گے۔