نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ اسٹار روہت شرما کو ایک اب حذف شدہ سوشل میڈیا پوسٹ میں موٹا کہنے والی کانگریس لیڈر شمع محمد نے رمضان کے دوران روزہ نہیں رکھنے پر تیز گیند باز محمد شامی کی حمایت کی ہے۔ واضح رہے میچ کے دوران روزہ نہیں رکھنے پر شامی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب آل انڈیا مسلم جماعت کے صدر مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے محمد شامی کو روزہ کا اہتمام نہیں کرنے پر مجرم قرار دیا۔ آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل مقابلے کے دوران تیز گیند باز کو ٹی وی اسکرین پر انرجی ڈرنک پیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
محمد شامی کی حمایت کرتے ہوئے کانگریس لیڈر شمع محمد نے کہا کہ اسلام میں، کوئی بھی اس بات پر زور نہیں دیتا کہ جب آپ کھیل کھیل رہے ہیں، تو آپ کو روزہ رکھنا ہوگا۔
شمع محمد نے اپنی دلیل پر مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ، اسلام میں رمضان میں ایک بہت اہم چیز ہے، جب ہم سفر کرتے ہیں تو ہمیں روزہ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی، اس لیے محمد شامی سفر پر ہیں اور وہ اپنے مقام پر نہیں ہیں، وہ ایک کھیل کھیل رہے ہیں، جہاں انہیں بہت پیاس لگ سکتی ہے۔ کوئی بھی اس بات پر اصرار نہیں کرتا کہ جب تم کھیل کھیل رہے ہو تو روزہ رکھنا ضروری ہے، اسلام ایک سائنسی مذہب ہے۔
شمع محمد نے روہت شرما پر کی تھی تنقید:
کانگریس کی ترجمان شمع محمد نے حالیہ دنوں میں ایک متنازعہ پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما کو موٹا کہا تھا۔ حالانکہ کانگریس نے کانگریس نے شمع محمد سے پوسٹ کو حذف کروا دیا۔
مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے کیا کہا؟
آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے کہا کہ شامی نے رمضان کے مقدس مہینے میں روزہ نہیں رکھا۔ اگرچہ وہ مکمل طور پر صحت مند نظر آتا ہے، لیکن اگر وہ ٹھیک ہونے کے باوجود روزہ نہیں رکھ رہا تو وہ کبیرہ گناہ کا مرتکب ہو رہا ہے اور اسلامی شریعت کی نظر میں وہ مجرم ہے، اللہ کے ہاں اس کا حساب ہوگا۔
مولانا کا مزید کہنا تھا کہ ‘اسلام میں روزہ فرض ہے اور اگر کوئی شخص جان بوجھ کر روزہ نہیں رکھتا ہے تو وہ بہت بڑا گنہگار ہے، اور کرکٹر محمد شامی نے بھی ایسا ہی کیا ہے، اس نے روزہ نہ رکھ کر گناہ کیا ہے، شامی کو ایسا کبھی نہیں کرنا چاہیے تھا’۔