سمستی پور :ممنوعہ دہشت گرد تنظیم انڈین مجاہدین (آئی ایم) کے شریک بانی یاسین بھٹکل کے بعد تنظیم میں سیکنڈ ان کمانڈ تحسین اختر عرف مونو کو پھانسی کی سزا کے بعد اس کے بہار میں سمستی پور ضلع کے آبائی گاؤں میں احتیاط کے طور پر سیکورٹی انتظامات سخت کر دئے گئے ہیں ۔
پولیس کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مونو کے حیدرآباد کے دلسکھ نگر میں فروری 2013 میں ہوئے بم دھماکے کے معاملے میں قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے ) کی ایک عدالت سے پھانسی کی سزا سنائے جانے کے بعد ضلع کے کلیانپور تھانہ علاقے کے منیارمیں واقع اس کے آبائی گاؤں میں سیکورٹی انتظامات بڑھا دئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ کے ارد گرد کے علاقوں میں بھی احتیاط کے طور پر پولیس فورس کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ کلیان پور پولیس کو ہر دو دو گھنٹے پر رپورٹ دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔گاؤں میں آنے جانے والے لوگوں پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔ مونو کی گرفتاری سے پہلے این آئی اے کی ٹیم کئی بار منیارپر میں دبش دے چکی ہے ، لیکن اس خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا۔
دہشت گرد مونو بھگوان بدھ کے علم حاصل کرنے کی جگہ بودھ گیا اور پٹنہ میں 27 اکتوبر 2013 کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ہنکار ریلی کے دوران سیریل بم دھماکے سے قبل حیدرآباد کے دلسکھ نگر میں 21 فروری 2013 کو دھماکے کے معاملے میں میں مجرم ہے ۔ مونو کو پٹنہ دھماکے کے چھ ماہ بعد سال 2014 میں نیپال کی سرحد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ادھر مونو کو پھانسی سنائے جانے کے بعد اس کے اہل خانہ نے عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ ضلع جنتا دل یونائیٹڈ کے سابق سیکرٹری اور مونو کے چچا تقی اختر نے عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ساتھ غداری کرنے والوں سے میرا اور میرے خاندان کا کوئی ناطہ نہیں ہے ۔