لکھنؤ: دھیرے دھیرے پوری ریاست کو مانسون اپنی گرفت میں لے رہا ہے۔ لکھنؤمیں بھی دو روز کے بعد مانسون کے مکمل طورپر سرگرم عمل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دو شنبہ کے روز دن میں بدلی اوربونداباندی و رات میں رم جھم بارش کے آثار محکمہ موسمیات نے ظاہر کئے ہیں۔
محکمہ کے ڈائریکٹر جےپی گپتا نےبتایا کہ ۲۳-۲۴ جون تک جنوب مغربی مانسون کے لکھنؤ اور آس پاس کے علاقوں میں سرگرم ہونے کے پورے آثار نظر آرہے ہیں۔ اس کے بعد ۲۵- ۲۶؍جون تک یہ پوری ریاست میں سرگرم ہو سکتا ہے۔ راجدھانی لکھنؤ اور آس پاس کے علاقوںمیں سنیچرکے روز دیر رات بوچھاریں پڑیں اور ہلکی بارش کا سلسلہ اتوارکے روز بھی جاری رہا۔
ہلکی بارش بادلوںکی آمد و رفت اور پروائی ہواکی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں کافی گراوٹ آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لکھنؤ اور آس پاس کے علاقوںمیں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ کے ذریعہ دو شنبہ کے روز مشرقی یوپی میں کچھ مقامات پر بھاری بارش کے آثار بتائے جا رہے ہیں۔
مغربی یوپی میں اس مدت میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کے امکانات ہیں۔ اس کے بعد ۲۳؍و ۲۴؍جون کو پوری ریاست میں بارش ہونے اور کچھ مقامات پر بھاری بارش ہونے کے آثار ہیں۔