واشنگٹن، 12 نومبر ( یواین آئی) عالمی وبا کورونا وائرس کووڈ-9سے بری طرح متاثر امریکہ میں اس وبا سے 2.40 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکہ میں اس وبا نے شدید شکل اختیار کرلی ہے اور اب تک 1.03 کروڑ سے زیادہ افراد اس کی زد میں آچکے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 857 ، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1،03،84،543 ہو چکی ہے۔
امریکہ کے نیو یارک ، نیو جرسی اور کیلیفورنیا جیسی ریاستیں سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ صرف نیو یارک میں ہی 33،716 افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس وبا کی وجہ سے اب تک نیو جرسی میں 16،476 افراد ، کیلیفورنیا میں 18،084 افراد، ٹیکساس میں 19،342 افراد جبکہ فلوریڈا میں 17،300 مریضوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں۔ اس کے علاوہ ، میساچوسیٹس میں 10 ہزار سے زیادہ اور پنسلوینیا میں کورونا کی وجہ سے 9،136 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔