نئی دہلی، 26 اگست (یواین آئی) ملک میں عالمی وبا کوروناوائرس کا قہر دن بہ دن بڑھتا ہی جارہا ہے اور پھر ایک ہی دن میں 67 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، تاہم اسی عرصہ کے دوران 63 ہزار سے زائد مریضوں کے صحت مند ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
بدھ کی صبح مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی طرف سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 67،151 نئے مریضوں کے ساتھ مجموعی تعداد 32،34،475 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ کے دوران ، 63،173 مریض شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 24،67،759 ہوگئی ہے۔ ایکٹیو کیسز میں 2919 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے اور صحت مند افراد کی نسبت نئے کیسز کی وجہ سے یہ تعداد 7،07،267 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں جان لیوا کورونا وائرس سے 1059مریضوں کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 59،449 ہوگئی۔ ملک میں ایکٹیو کیسزکی شرح 21.87 فیصد، شفایا کی شرح 76.30 فیصد جبکہ اموات کی شرح 1.84 فیصد ہے۔