نئی دہلی،10اکتوبر(یواین آئی) ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ 19) سے متاثر82،753 مریض شفایاب ہوئے ہیں ، جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 10،407 سے گھٹ کر 8،83،185 رہ گئی۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 82،753 افراد صحتمند ہوئے ہیں جس سے ملک میں اس جان لیوا وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 59،88،823 ہوگئی ۔ اسی عرصہ کے دوران کورونا کے 73،272 نئے کیسز کی رپورٹ کے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 69،79،424 ہوگئی ہے۔ گذشتہ اتوار کے بعد سے ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 926 مریضوں کی ہلاکت کے بعد ملک میں اس وباسے اموات کی تعداد بڑھ کر 1،07،416 ہوگئی ہے۔ فی الحال کورونا کے 8،93،592 فعال کیسز ہیں۔
ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی شرح 12.85 فیصد ،شفایابی کی شرح 85.81 جبکہ اموات کی شرح 1.54 فیصد ہے۔
عالمی وبا کورونا وائر سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فعال کیسز5،491 سے گھٹ کر 2،36،947 رہ گئے جبکہ 303 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 39،932 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران ریاست میں 17،323 کورونا مریض شفایاب ہو ئے جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 12،29،339 ہوگئی ہے۔