الجزائر کے چیف آف اسٹاف ، لیفٹیننٹ جنرل سعید شانیگرہا نے مراکش پر الجزائر کیخلاف “سازشیں” کرنے کا الزام لگایا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعید شانیگرہا نے مراکش کی سرحد کے قریب فوجی اڈے کا دورہ کیا جس میں انہوں نے کہا، “مراکشی حکومت اپنی سازشوں اور تخریبی پروپیگنڈا مہموں میں بہت آگے نکل چکی ہے جس کا مقصد الجیریا کے علاقائی کردار کو حقیر بنانا ، اس کی صلاحیتوں کو ختم کرنا ، اس کی ترقی کو روکنا اور اس کے لوگوں کے اتحاد کو کمزور کرنا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ الجیریا کو اپنے مضبوط اصولوں کو ترک کرنے پر مجبور کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو جائیں گی کیونکہ نیا الجیریا اپنی خودمختاری ، قومی اتحاد اور اٹل فیصلے کو محفوظ رکھنے کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم ہے۔
شانیگرہا نے کہا کہ ان کا ملک “تمام حقیر سکیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔”
واضح رہے کہ مراکش اور الجزائر کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں سے کشیدہ ہیں. الجزائر نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ اس نے رباط کے “دشمنانہ رجحانات” کی وجہ سے مراکش سے تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔