اجمیر ، یکم مارچ ( یواین آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی کی جانب سے اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کے 808 ویں سالانہ عرس کے موقع پر آج خواجہ کی درگاہ میں چادر پیش کی گئی ۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کی قیادت میں کانگریس کے ریاستی صدر اور نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ، کانگریس کے ریاستی انچارج اویناش پانڈے، کانگریسی اقلیتی شعبہ کے قومی صدر جاوید ندیم وغیرہ لیڈروں نے مشترکہ طور پر محترمہ گاندھی کی جانب سے بھیجی گئی مخملی چادر اور عقیدت کے پھول درگاہ پر چڑھا کر دعا کی ۔
اس کے بعد مسٹر جاوید ندیم نے درگاہ شریف استانے کے باہر ان لیڈروں کی موجودگی میں محترمہ گاندھی کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔ جس میں محترمہ گاندھی نے خود کو خوش نصیب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ صاحب کے دربار میں چادر پیش کرتے ہوئے انہیں انتہائی خوشی ہے ۔ خواجہ صاحب کا دربار گنگا جمنی تہذیب اور قومی اتحاد کے لیے جانا جاتا ہے ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں اپنی اور کانگریس پارٹی کی جانب سے پورے ملک سے آئے زائرین کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے ملک جس دور سے گزر رہا ہے اس پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ محبت سب کے لئے، نفرت کسی کے لیے نہیں ۔ محترمہ گاندھی نے ملک میں امن و مان، بھائی چارہ، قومی اتحاد کے لئے دعا کی ۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سبھی کے متحد ہونے سے نفرت کی شکست ہوگی ۔ اس موقع پر ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر رگھو شرما اور کانگریس لیڈر اشک علی ٹانک، عابد کاغذی اور درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان بھی موجود تھے ۔ درگاہ کمیٹی کی جانب سے بلند دروازے پر ان لیڈروں کی دستاربندی کی گئی۔