پچیس شوال سنہ ایک سو اڑتالیس ہجری صادق آل محمد (ص) فرزند رسول امام جعفر صادق علیہ السلام کی تاریخ شہادت ہے۔ اسی مناسبت کے پیش نظر ایران بھر میں طبی ہدایات اور ایس او پیز کا مکمل خیال رکھتے ہوئے مجالس عزا و سوگواری کا انعقاد کیا گیا۔

پچیس شوال کو دنیا بھر میں مسلمان اور بالخصوص عاشقان اہل بیت رئیس مذہب حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت کا سوگ مناتے ہیں ۔اس موقع پر آپ کی زندگی اور شخصیت پر مختصر تحریر پیش خدمت ہے۔
ابو عبداللہ ، جعفر بن محمد بن علی بن الحسن بن علی بن ابی طالب علیہ السلام معروف بہ صادق آل محمد شیعوں کے چھٹے امام ہیں ۔ جو کہ اپنے والد امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کے بعد 7 ذی الحجہ سن 114 ھ ق کو آنحضرت کی وصیت کے مطابق امامت کے منصب پر فائز ہوۓ ۔

امام جعفر صادق (ع) جمعہ طلوع فجر کے وقت اور دوسرے قول کے مطابق منگل 17 ربیع الاول سن 80 ھ ق کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوۓ ۔
آنحضرت کی والدہ کا نام فاطمہ بنت قاسم بن محمد بن ابی بکر جن کی کنیت ” ام فروہ ” تھی ۔
یہ خاتون امیرالمؤمنین علی علیہ السلا کے یار و وفادار شھید راہ ولایت و امامت حضرت محمد بن ابی بکر کی بیٹی تھی ۔ اپنے زمانے کے خواتین میں باتقوی ، کرامت نفس اور بزرگواری سے معروف و مشہور تھی ۔ اور امام صادق (ع) نے ان کی شخصیت کے بارے میں فرمایا ہے : میری والدہ ان خواتین میں سے ہے جنہوں نے ایمان لایا اور تقوی اختیار کیا اور نیک کام کرنے والی اور اللہ نیک کام کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے ۔









