نئی دہلی: سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی جانچ میں ڈرگس اینگل سامنے آنے کے بعد بالی ووڈ کو نشانہ بنانے والوں پر سماجوادی پارٹی کی راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ جیا بچن نے تنقید کی ہے۔ ایس پی رکن پارلیمنٹ نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ روی کشن پر بالواسطہ طور پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ جس تھالی میں کھایا، اسی میں چھید کر رہے ہیں۔
دراصل پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن روی کشن نے لوک سبھا میں نشہ آور اشیا کا موضوع اٹھایا۔ یوپی کے گورکھپور سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ روی کشن نے پیر کو دعویٰ کیا کہ پڑوسی ملک چین اور پاکستان، ہندوستان کی نوجوان نسل کو برباد کرنے کے لئے نشیلی اشیا کی اسمگلنگ کرا رہے ہیں اور نشے کے اس جنجال میں بڑی تعداد میں فلم انڈسٹری کے لوگ بھی شامل ہیں۔ روی کشن کے اس دعوے پر سماجوادی پارٹی کی راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ جیا بچن نے ایوان میں سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
رکن پارلیمنٹ جیا بچن نے نام لئے بغیرکہا، ’فلم انڈسٹری میں لگے ہوئے لوگ سوشل میڈیا کے ذریعہ بھڑک رہے ہیں۔ انڈسٹری میں اپنا نام بنانے والے لوگوں نے اسے نالی کہا ہے۔ میں اس سے بالکل بھی متفق نہیں ہوں۔ مجھے امید ہے کہ حکومت ایسے لوگوں کو اس طرح کے الفاظ کا استعمال نہ کرنے کے لئے کہے گی۔
جیا بچن نے کہا- یہ شرمناک ہے
جیا بچن نے کہا، ’صرف اس لئے کہ کچھ لوگ برے ہیں آپ پوری انڈسٹری کی شبیہ کو دھومل نہیں کرسکتے۔ مجھے شرم آتی ہے کہ فلم انڈسٹری سے ناطہ رکھنے والے لوک سبھا میں ہمارے ایک رکن نے اس کے خلاف بات کی۔ یہ شرمناک ہے’۔ انہوں نے کہا، ’فلم انڈسٹری لوگوں کے لئے روزگار کا ایک ذریعہ ہے۔ یہ ہمیشہ حکومت کی مدد کرنے کے لئے آگے آئی ہے۔
اس لئے، میں آپ سے انڈسٹری کی حمایت کرنے کی گزارش کرتی ہوں۔ واضح رہے کہ روی کشن نے کہا کہ ہمارے فلم انڈسٹری میں اس کی پیٹھ ہوچکی ہے اور این سی بی اس کی جانچ کر رہی ہے۔ گورکھپور سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ اس معاملے میں سخت کارروائی کی جائے اور چین اور پاکستان کی سازش پر روک لگائی جائے۔