سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا کو چنئی سے سری نگر تک سفر کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔ التجا کو یہ اجازت ان کی ماں محبوبہ مفتی سے ملاقات کرنے کیلئے دی گئی ہے ۔ حالانکہ عدالت نے کہا کہ وہ سری نگر کے دیگر حصوں میں جاسکتی ہیں اور ضرورت پڑنے پر افسران سے پیشگی اجازت لے سکتی ہیں ۔
اس سے پہلے جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی بیٹی نے بدھ کو سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرکے کہا تھا کہ وہ آرٹیکل 370 کے زیادہ تر الترامات کو ختم کئے جانے کے بعد سے زیر حراست اپنی والدہ سے ملنا چاہتی ہیں اور افسران کو اس کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے ۔
التجا نے کہا کہ وہ اپنی ماں کی صحت کو لے کر فکر مند ہیں کیونکہ ان کی اپنی والدہ سے ایک مہینے سے ملاقات نہیں ہوئی ہے ۔ ان کی عرضی کو جمعرات کو سماعت کیلئے چیف جسٹس رنجن گوگوئی ، جسٹس ایس اے بوبڑے اور جسٹس ایس اے نظیر کی بینچ کے سامنے پیش کیا گیا تھا ۔
التجا کی جانب سے پیش وکیل اتکرش کامرا نے کہا تھا کہ عرضی میں جس طرح کی راحت مانگی گئی ہے وہ ٹھیک ویسی ہی ہے جیسی سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری کو 2 اگست کو عدالت عظمی نے ان کے بیمار ساتھی محمد یوسف تاریگامی سے ملنے کیلئے دی تھی ۔