شادی سے پہلے ہونے والی ان تقریبات میں بل گیٹس، مارک زکربرگ، شاہ رخ خان، امیتابھ بچن اور دیگر مشہور افراد کی شرکت متوقع ہے۔ بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے اپنے بیٹے آننت امبانی کی شادی کی تقریبات کا آغاز ایک پر تعیش انداز میں اپنے آبائی شہر جام نگر میں 50,000 سے زائد افراد کے لیے ایک دعوت طعام کے ساتھ کیا۔
مکیش، ان کی اہلیہ نیتا، بیٹے آننت اور ہونے والی بہو رادھیکا مرچنٹ نے بدھ کی شام کو جام نگر میں دیہاتیوں کے لیے اس تین روزہ دعوت کی شروعات کی۔

یہ دعوت شادی سے قبل ہونے والی تقریبات کا حصہ ہے اور بھارتی اخبار ‘ہندوستان ٹائمز’ کے مطابق شادی سے پہلی ہونے والی ان تقریبات میں سے مرکزی تقریبات یکم سے 3 مارچ تک منعقد کی جائیں گی، جن میں کئی مشہور شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
مکیش اپنے بیٹے کی شادی کے لیے جام نگر میں ایک بہت بڑا مندر بھی تعمیر کروا رہے ہیں۔ اس حوالے سے ان کی کمپنی ریلائنس نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ مندر کمپلیکس اس لیے بنایا جا رہا ہے تا کہ شادی کی تقریبات میں بھارت کی ثقافت اور روحانی شناخت نمایاں رہے۔









