نئی دہلی، 24 دسمبر (یواین آئی) ایشیا کی سب سے بڑی کمپنی – ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آرآئی ایل) کے مالک مکیش امبانی کی دولت میں سال 2019 میں 17 ارب ڈالر کا زبردست اضافہ ہوا ہے اور یہ دولت تقریباً 61 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہے۔
ہندوستانی معیشت کے لحاظ سے 2019 بلاشبہ اچھا نہیں رہا ہو مگر ایشیا کے سب سے بڑے سرمایہ دار مکیش امبانی کی لئے 2019 کاسال بہت نتیجہ خیز رہا۔’ بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس‘ کے مطابق اس سال مسٹر مکیش امبانی کی دولت 17 ارب ڈالر بڑھ کر 23 دسمبر کو 60.8 ارب ڈالر پر پہنچ گئی۔
مسٹر امبانی کی ملکیت میں اضافہ میں اہم کردار آرآئی ایل کے شیئر کا رہا جس کی قیمت میں اس سال 40 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا۔ علی بابا گروپ کے بانی جیک ما (اب رٹائرڈ) کے خالص اثاثہ میں اس سال 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ امریکہ کے انٹرنیٹ اور خلائی علاقے کے کاروباری جیف بیجاس کی دولت سال کے دوران 13.2 ارب ڈالر گھٹ گئی۔