مؤ:سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر شیو پال یادو نے واضح کیا کہ مؤ صدر سے رکن اسمبلی مختار انصاری کو پارٹی ٹکٹ دے گی یا نہیں اس کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا۔
مسٹر یادو نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ مؤ صدر سے مختار انصاری یا الطاف انصاری کو ٹکٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا لیکن نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) کا فیصلہ قابل قبول ہوگا۔ انہوں نے آئندہ برس ہونے والے اسمبلی انتخابات میں دیگر جماعتوں سے اتحاد کو سرے سے خارج کر دیا۔دبنگوں کی بدولت اسمبلی انتخابات فتح کرنے کے سوال پر مسٹر یادو نے کہا کہ اس کا جواب عوام دے گی۔
عتیق احمد کے خلاف ہوئی ایف آئی آر کے معاملے میں انہوں نے کہا کہ قصوروار پائے جانے پر کارروائی ہوگی۔مسٹر یادو نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو نوٹوں کی منسوخی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ایسا اصول نہیں ہے کہ اپنے ہی پیسوں کے لئے لوگوں کو گھنٹوں قطار میں کھڑا ہونا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی کا اثر ان کے اوپر نہیں ہے ۔ بینک سے 24 ہزار روپے مل رہا ہے ، اس سے ہی کنبہ کا خرچ چل رہا ہے ، لیکن نوٹوں کی منسوخی سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔