کلکتہ 11جون (یواین آئی) وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی موجودگی میں بی جے پی کے قومی نائب صدر مکل رائے اپنے بیٹے سبھرانشو رائے کے ساتھ آج ترنمول کانگریس میںیہ کہتے ہوئے شامل ہوگئے – وہ آج اپنے گھر میں واپس آئے ہیں اور 20جون کو عوام کے سامنے تفصیل سے اپنی بات رکھیں گے کہ انہوں نے بی جے پی کیوں چھوڑی ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس وقت بنگال میں جو صورت حال ہے ایسے میں کوئی بھی بی جےپی میں رہنا پسند نہیں کرے گا۔
مکل رائے کے آج صبح سے ہی ترنمو ل کانگریس میں شامل ہونے کی خبر گردش کرنے لگی تھی۔ اس درمیان بی جے پی کے سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگی اور دیگر لیڈران نے فون کرنا شروع کردیا تھا ۔ تاہم انہوں نے بی جے پی لیڈروں سے بات کرنے کے بجائے آج دوپہر اپنے صاحبزادے کے ساتھ ترنمو ل کانگریس بھون پہنچ گئے۔ ترنمول کانگریس بھون میں مکل رائے کا ابھیشیک بنرجی نے خیر مقدم کیا ۔اس کے بعد ممتا بنرجی بھی پہنچ گئیں اور اس کے بعد دونوں رہنمائوں کے درمیان دو گھنٹے سے زاید میٹنگ ہوئی ۔
طویل میٹنگ کے بعد ممتا بنرجی مکل رائے اور پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ اسٹیج پر پہنچی تو ابھیشیک بنرجی نے مکل رائے کے تئیں ادب و احترام کا مظاہر ہ کیا۔ ممتا بنرجی نے بھی اپنے لئے رکھی مخصوص کرسی پر بیٹھنے کے بجائے عام کرسی منگواکر بیٹھیں ۔
بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد مکل رائے کی ترنمول کانگریس میں شمولیت ایک بڑا جھٹکا ہے۔مکل رائے چانکیہ کے طور پر مشہور رہے ہیں۔2019کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو 18سیٹ دلانے میںا ن کا اہم کردار رہا ہے ۔مگر 2021کے اسمبلی انتخابا ت میںا نہیں کنارہ لگادیا گیا تھا۔مکل رائے کو ایسی سیٹ سے امیدوار بنایا گیا جہاں کےلئے وہ بالکل نئے تھے۔تاہم وہ جیتنے میں کامیاب رہے ۔نتائج کے بعد سے ہی مکل رائے کی ناراضگی کی خبر گردش کررہی تھی۔وہ اور ان کی اہلیہ کورونا کی شکار ہوگئیں مگر بی جے پی لیڈروں نے ان کی خبر گیری نہیں لی۔مگر اچانک ابھیشیک بنرجی اسپتال پہنچ کر سب کو حیران کردیا۔اس کے بعد وزیر اعظم مودی، امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے فون کرکے خیریت معلوم کی۔
مکل رائے ترنمول کانگریس کے بانی لیڈروں میں سے رہے ہیں مگر تین سال نومہینے قبل وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔مکل رائے کی بی جے پی میں شمولیت کو بی جے پی کی بڑی کامیابی قرار دی جارہی تھی۔مکل رائے نے بھی بی جے پی کو کامیابی دلانے کیلئے سخت محنت کی ۔
دو گھنٹے کی میٹنگ کے بعد ممتا بنرجی اور مکل رائے نے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ پریس کانفرنس کی اور اسٹیج پر ابھیشیک بنرجی نے مکل رائے اور سبھرانشور ائے کا شال اوڑھا کر خیرمقدم کیا ۔
مکل رائے نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ و ہ اس وقت بی جے پی چھوڑنے سے متعلق کچھ بھی نہیں کہیں گے۔مگر میں اپنے گھر آکر خوشی محسوس کررہا ہوں ، انہوں نے کہاکہ آئیڈولوجی کی وجہ سے ہی بی جے پی چھوڑ کر یہاں آئے ہیں ۔ان سے جب پوچھا گیا کہ جب وہ بی جے پی میں گئے تھے تو اپنے ساتھ کئی لیڈروں کو لے کر چلے گئے تھے۔کیا ان لیڈروں کی واپسی ہوگی۔مکل رائے نے کہا کہ یہ وقت ہی بتائے گا۔