ممبئی ، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے لوئر پریل کے پاسپورٹ سیوا کیندر (پی ایس کے) میں تعینات جونیئر آفس اسسٹنٹ و تصدیقی افسر اکشے کمار مینا اور ایجنٹ بھاویش شانتی لال شاہ کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملے میں گرفتار کر لیا ہے۔
سی بی آئی نے آفس اسسٹنٹ/وی او، پی ایس کے، لوئر پریل، ممبئی اور پاسپورٹ ایجنٹ سمیت دیگر نجی افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، 2023 سے 2024 کے دوران مذکورہ سرکاری ملازم نے دیگر نجی افراد کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش رچتے ہوئے پاسپورٹ سے متعلق کاموں کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔سی بی آئی حکام نے بتایا کہ ایجنٹوں اور دیگر نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر، ملزم سرکاری ملازمین نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر درخواست گزاروں کو جعلی پاسپورٹ جاری کیے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سات درخواست دہندگان نے پاسپورٹ آفس میں اپنے پتے اور شناختی ثبوت کے طور پر جعلی آدھار کارڈ، پین کارڈ، بینک اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹ اور پیدائشی سرٹیفکیٹ جمع کرائے، جو تفتیش کے دوران جعلی ثابت ہوئے۔حکام کے مطابق، ملزم سرکاری ملازم اور ایجنٹ کے درمیان ہونے والی گفتگو سے ان جعلی پاسپورٹ درخواست دہندگان کے سلسلے میں ناجائز فائدہ کی ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے۔
تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ پاسپورٹ درخواستوں میں دیے گئے موبائل نمبرز سروس میں نہیں ہیں۔تتکال اسکیم کے تحت جاری کیے گئے ان پاسپورٹوں کی بعد ازاں ہونے والی پولیس تصدیقی رپورٹس منفی پائی گئیں، کیونکہ درخواستوں پر دیے گئے پتے جعلی تھے۔دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں 2 جون تک سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔