ممبئی 14مارچ :آج یہاں جنوبی ممبئی میں سینٹرل ریلوے کے صدردفتر سے متصل دادابھائی نوروجی روڈ پر واقع اسٹیشن سے منسلک ایک فٹ اوورپل کا نچلا حصہ شام ساڑھے 7بجے تاش کے پتوں کی طرح گرگیا اور حادثہ میں دوخواتین سمیت پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ ممبئی کے مصروف ترین علاقہ میں شمار ہوتا ہے اور انجمن اسلام اور ٹائمزآف انڈیاکی عمارتوں کی درمیان واقع سڑک بدرالدین طیب جی مارگ پر اس کے زینہ اترتے ہیںجبکہ ملک کی سب سے امیر میونسپل کارپوریشن کی بالکل ناک کے نیچے یہ سنگین حادثہ پیش آیا ہے،حادثہ کی وجہ سے جنوبی ممبئی کو شہر سے جوڑنے والے حضرت مخدوم مہائمی ڈھائی کلومیٹر طویل فلائی اوورکو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے،اس پل سے کئی ہزار افرادگزرتے ہیں۔
ممبئی کے تاریخی قلابہ اور فورٹ علاقے جیسے تجارتی اور دفتری علاقے کی شاہراہ سے دونوں جانب تاریخ عمارتیں واقع ہیں جن میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ٹی ایم )،اور اس کے مقابل انجمن اسلام کا صدردفتر ،ٹائمز آف انڈیا کی عمارت اور میونسپل کارپوریشن کا دفتر واقع ہے ،حادثہ سے کارپوریشن کا دفتر محض دومنٹ کے فاصلہ پر واقع ہے اور حادثہ کا شکار ہونے والا پل یہاں صاف نظرآتا ہے ۔یہ ایک مصروف ترین علاقہ ہے اور انجمن اسلام کے عقب میں جی ٹی اسپتال اورکاما اسپتال کے ساتھ ساتھ کرافورڈمارکیٹ کا تجارتی علاقے اور پولیس کمشنریٹ بھی ہے۔اس حادثہ کی وجہ سے جنوبی ممبئی کا ٹریفک درہم برہم ہوچکا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے انجنیئروں نے اس فٹ اوور پل کی جانچ کرنے کے بعد معمولی مرمت کی صلاح دی تھی ،حالانکہ آزادمیدان ،کرافورڈ مارکیٹ سے کئی ہزارمسافر سی ایس ٹی ایم جانے کے لیے پل سے گزرتے ہیں ،اگر یہ حادثہ شام چھ اور ساڑھے چھ بجے کے درمیان پیش آتا تو انجمن اسلام کیمپس سے سینکڑوں بچے گھر روانہ ہوتے ہیں اور اس کیمپس میں پرائمری سے لیکر اعلیٰ تعلیم تک نظم ہے ۔محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ پل کی دیکھ بھال کرتا ہے اور ریلوے نے فی الحال اس سے اپنا پلڑا جھاڑلیا ہے۔ان زخمیوںکو قریبی سینٹ جارج ،جے جے اسپتال اور گوکل داس اسپتال لے جایا گیاہے ،جن میں ۵۱زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔