ممبئی: ملک کی تجارتی راجدھانی کو ہلا کر رکھ دینے والے گھاٹ کوپر ہورڈنگ حادثے کی تحقیقات کے لیے ممبئی کی کرائم برانچ نے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ایس آئی ٹی میں کل 6 افسران کی تقرری کی گئی ہے۔ یونٹ 7 کے انچارج انسپکٹر مہیش تاوڑے ڈی سی پی ڈیٹیکشن کرائم برانچ وشال ٹھاکر کی نگرانی میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
ایس آئی ٹی نے مرکزی ملزم بھاویش بھیڑے کے گھر کی تلاشی لی اور ہورڈنگ کے معاہدے سے متعلق کچھ اہم دستاویزات کو ضبط کیا۔ ملزم بھیڑے کے مختلف بینکوں میں کل سات کھاتے ہیں۔ پولیس افسر نے کہا کہ وہ اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ہورڈنگ کا ٹھیکہ کیسے حاصل کیا گیا اور اس سے کتنی رقم کمائی گئی۔