عروس البلاد ممبئی میں مانسون کے دوران شمال مغربی علاقہ کے سب سے مصروف ترین علاقہ اندھیری میں آج صبح ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ لیکن ایک ریلوے پْل (اوور برج) کا حصہ گرنے کی وجہ سے 5افراد زخمی ہوگئے اور ان میں سے دوکی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
صبح ساڑھے 7بجے پیش آیا حادثہ اگر ایک گھنٹے کی تاخیر سے پیش آتا تو بھاری جانی ومالی نقصان کا امکان ہوتا۔ مذکورہ حادثے کے سبب ویسٹرن ریلوے کی لوکل خدمات ٹھپ پڑگئی ہے اور کئی طویل مسافتی ٹرینیں روک دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق اندھیری کے مغربی اور مشرقی علاقے کو ایک دوسرے سے جوڑنے والے اووربرج پر موٹرگاڑیوں کی آمدورفت 24گھنٹے جاری رہتی ہے کیونکہ یہ ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے (احمدآباد ہائی وے )سے جڑاہوا ہے۔حادثہ صبح ساڑھے سات بجے پیش آیا ،جس کے بعد موقع پرفائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں پہنچ گئیں۔ممبئی پولیس،جی آرپی ایف ،آرپی ایف اور این ڈی آرایف تعینات کردی گئی ہے۔ فائربریگیڈ اور این ڈی آرایف کا عملہ اور ریلوے مزدور راحتی کاموں میں مصروف ہیں۔
شہر میں گزشتہ شام سے مسلسل ہونے والی بارش کو پل ٹوٹنے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ممبئی کے اندھیری اسٹیشن پر پل حادثے کے زخمیوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے آر پی ایف کے افسر نے بتایا کہ حادثے میں زخمیوں کو پارلے کے کوپر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور دوزخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک لوکل ٹرین محض سومیٹر کے فاصلے پر واقع تھی ،اور موٹر مین نے پل کا حصہ گرتے دیکھ ایمرجنسی بریک لگا کرٹرین روک دی ۔
انہوں نے کہا کہ اگلے4-5 گھنٹے میں ویرار کے لئے ٹرین سروس بحال ہو جائے گی۔پل کے دوسری طرف دو اسکول ہیں ،جن میں چھٹی دے دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پل کا استعمال کافی ہوتاہے۔ غنیمت یہ رہا کہ جس وقت حادثہ پیش آیا۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ممبئی کے پولیس کمشنر جیسوال اور بی ایم سی کمشنر اجوئے مہتا سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور مسافروں اور شہریوں کی جان ومال کی مکمل حفاظت کی ہدایت جاری کی ہے۔