قاہرہ:حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے ریاض میں منعقدہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے جاری کردہ فیصلوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب اور مسلمان ممالک اسرائیلی جارحیت کو روکیں،غزہ کی پٹی کا محاصرہ فوری طور پر توڑنے کی ضرورت ہے، امداد نہ ملنے سے صورتحال سنگین ہوسکتی ہے، مسلم ممالک عالمی اداروں سے جنگ بندی کروائیں۔
کہا ہے کہ حماس “طویل جنگ” لڑنے کے لیے تیار ہے، صرف فلسطینی عوام کو غزہ کی پٹی اور پورے فلسطین کے مستقبل کا تعین کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، اگر دشمن چاہتا ہے کہ یہ ایک طویل جنگ ہو تو ہم اپنے دشمن سے زیادہ طویل جنگ کے لیے تیار ہیں۔
حماس کے سربراہ نے اسرائیل اور اس کی حمایت کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حماس ایک تحریک ہے جس کی جڑیں اس کی سرزمین پر ہیں، اسرائیل اور اس کے اتحادی غزہ کی پٹی میں حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے منعقد ہونے والی عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں غزہ کا محاصرہ توڑنے اور ایندھن سمیت انسانی امدادی ٹیمیں فوری طور پر غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔