ممبئی کے جوگیشوری علاقے میں رہنے والے شیعہ عالم دین مولانا شیر محمد جعفری اور عالمہ فرح جعفری کی بیٹی محدثہ حال ہی میں جنوبی افریقہ سے کمرشیل پائلٹ کا لائسنس حاصل کرنے کے بعد بھارت لوٹی ہیں۔ محدثہ مہاراشٹر کی پہلی شیعہ لائسنس یافتہ خاتون پائلٹ بن گئی ہیں۔
محدثہ جعفری نے بتایا کہ فی الحال ان کی عمر 26 برس ہے لیکن جب وہ محض 7 سال کے تھی جب خلا باز کلپنا چاؤلہ کا خلائی حادثے میں انتقال ہوا تھا۔ وہ جب بھی اپنے والد کے ساتھ باہر جاتی تو چاؤلہ کے پوسٹر اور بینرز دیکھتی۔ اس کے والد نے اسے بتایا کہ کس طرح بہادر خلاباز خلا میں گئی تھی لیکن زمین پر واپسی کے دوران خلائی جہاز حادثے کا شکار ہوا اور بھارت کی یہ بہادر بیٹی موت کے منہ میں چلی گئی۔ اس کے بعد محدثہ جعفری نے کلپنا چاؤلہ کے بارے میں پڑھا، ان کی ویڈیوز دیکھی اور خود بھی پائلٹ بننے کا عزم کیا اور آج محدچہ نے اپنا خواب پوارا کیا۔ کلپنا چاؤلہ کے بارے میں پڑھنے کے بعد محدثہ جعفری نے اپنے والدین کو بتایا کہ وہ بھی ہوابازی میں کریئر بنانا چاہتی ہیں۔
محدثہ کی والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کے جنوبی افریقہ روانہ ہونے سے مہینوں پہلے اور جب وہ وہاں تربیت حاصل کر رہی تھی تب ان کے والدین کو زیادہ تر رشتہ داروں کی جانب سے تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا کہ ایک مولانا اور عالمہ اپنی اکلوتی بیٹی کو پائلٹ کے کورس میں کیسے داخل کرواسکتے ہیں؟ لیکن ہم خاموش رہے کیونکہ ہم جانتے تھے کہ ہم کچھ غلط نہیں کر رہے ہیں۔ اگر ہماری بیٹی نے کوئی خواب دیکھا اور اس میں کوئی غیر مذہبی یا غیر اخلاقی بات نہ ہو تو ہمیں اس کی حمایت کرنی ہوگی۔
محدثہ کے والد شیر محمد جعفری نے بتایا کہ ‘ میں اور میری بیوی مبلغ ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کا کرن ہے کہ ہماری بیٹی نے ایک خواب دیکھا اور اسے پورا کیا۔ ماں اور بیٹی دونوں حجاب کا استعمال کرتی ہیں اور محدثہ مستقبل میں کسی بھی طرح کے چیلینج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ خلیجی ممالک میں کئی ایئر لائنز کے پائلٹ حجاب پہنتی ہیں۔