قربانی کے جانوروں کی غیرقانونی پکڑ دھکڑ پرروک کا مطالبہ
ممبئی،: ممبئی عید قرباں کی آمد سے قبل قربانی کے جانوروں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ایسے میں نظم و نسق کی صورتِ حال کا مسئلہ بھی پیدا ہو جاتا ہے۔ عیدالاضحیٰ کے پیشِ نظر ہندو انتہا پسند تنظیموں کی بے جا غنڈہ گردی میں اضافہ بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔
بجرنگ دل، وشو ہندو پریشد اور گئو رکشا سمیتی جیسی ہندوتوا تنظیموں کی غنڈہ گردی پر قدغن لگانے اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت پولیس کارروائی کے مطالبات کو لے کر مسلمانوں کے ایک نمائندہ وفد نے ممبئی کے یشونت راؤ پرتشٹھان میں این سی پی چیف شرد پوار سے ملاقات کی۔عیدالاضحیٰ سے قبل ممبئی اور ریاستِ مہاراشٹر میں دیگر ریاستوں سے مویشیوں کی نقل و حرکت کا سلسلہ تیز ہو جاتا ہے۔ شر پسند عناصر کے ذریعے مویشیوں کے ٹرکوں کو روکا جاتا ہے اور تاجروں کو ہراساں کیا جاتا ہے۔
اس دوران مار پیٹ اور زد و کوب کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔ اس طرح کے حالات سے نظم و نسق کا مسئلہ پیدا ہو جاتا ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے پولیس کو سخت اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ریاست میں نظم و نسق کا خطرہ لاحق نہ ہو اور امن و امان کی صورتِ حال برقرار رہے۔ اس طرح کا مطالبہ مسلم نمائندہ وفد نے این سی پی چیف شرد پوار سے کیا۔وفد نے بتایا کہ ممبئی کے دیونار سلاٹر ہاؤس یا دیگر مقامات سے جب قربانی کے جانوروں کی قانونی طریقہ سے نقل و حرکت ہوتی ہے تو اس پر بھی مسلمانوں کی پرائیوٹ گاڑیوں اور رکشہ میں جانوروں کو لے جاتے وقت پولیس انہیں ہراساں کرتی ہے۔
چیک ناکوں پر بھی چیکنگ کی آڑ میں ان سے رقم وصول کیے جاتے ہیں۔ وفد نے اس طرح کی سرگرمیوں پر پابندی کا مطالبہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ چونکہ قربانی کے دوران شر پسند عناصر واویلا مچاتے ہیں، اس لیے ضروری اقدام کیے جائیں تاکہ دیونار سے بکرا گھر تک لے جانے میں مسلمانوں کو کوئی دقت یا پریشانی نہ ہو۔ اس کے علاوہ عیدالاضحی کے تین دنوں تک دیونار میں پارکنگ کا انتظام ہو، یعنی بکرا خریداری کرنے والے گاہکوں کو یہاں مفت پارکنگ دی جائے۔ اس کے علاوہ قانون کے قیام و انتظام کا خیال رکھنے والے اداروں کی ایک مشترکہ میٹنگ طلب کی جائے جس میں ڈی جی پی اور میونسپل کمشنر کو طلب کر کے مسلمانوں کے مسائل پر توجہ دینے کے احکامات جاری کئے جائیں۔
اس میٹنگ میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ عیدالاضحی کے دوران مسلم محلوں میں صاف صفائی کا خاص انتظام کیا جائے۔ اس کے علاوہ خصوصی طور پر عیدِ قرباں کے لیے مسلم محلوں میں عارضی طور پر کوڑادان رکھنے کا انتظام کیا جائے اور کچرے کی وقتاً فوقتاً نقل و حرکت کا انتظام کیا جائے تاکہ گندگی کے سبب علاقہ میں بیماری پھیلنے کا خطرہ لاحق نہ ہو
۔شرد پوار نے مسلم نمائندہ وفد کے مسائل کو بغور سننے کے بعد ضروری قدم اٹھاتے ہوئے 15 جون کو ڈی جی پی مہاراشٹر اور ممبئی عظمیٰ میونسپل کمشنر کو رہائش گاہ پر طلب کیا اور مسلمانوں کے وفد اور انتظامیہ کی مشترکہ میٹنگ سے متعلق ہدایت جاری کی۔ اس میٹنگ میں تمام مسائل پر مزید روشنی ڈالی جائے گی اور باضابطہ طور پر انتظامیہ اور پولیس کو عید قرباں کے دوران نظم و نسق اور دیگر انتظامات کے متعلق ہدایات بھی جاری کی جائے گی۔