مظفر پور: بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں مظفر پور ضلع عدالت نے آج ایک اہم حکم جاری کیا ہے۔ عدالت کے حکم کے مطابق، 8 فلمی ہستیوں کو خود یا اپنے وکیل کے ذریعہ ان کے عدالت میں حاضر ہونا ہوگا۔ حاضر ہونے کی تاریخ 7 اکتوبر طے کی گئی ہے۔ ضلعی عدالت کے حکم کے مطابق، سلمان خان، کرن جوہر، آدتیہ چوپڑا، ساجد ناڈیا والا، سنجے لیلا بھنسالی، ایکتا کپور، بھوشن کمار اور دنیش وجین کو 7 اکتوبر کو حاضر ہونا ہے۔
اس بابت ان سب کو عدالت نوٹس بھیج چکا ہے۔ ان فلمی ہستیوں کے خلاف ایڈوکیٹ سدھیر اوجھا نے پریوار واد داخل کرکے سشانت سنگھ کی موت کے لئے انہیں ذمہ دار بتایا تھا۔
این سی بی کی کارروائی جاری
واضح رہے کہ اس درمیان سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی جانچ کے دوران ڈرگس اینگل سامنے آنے کے بعد سےنارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) بڑے پیمانے پر چھاپہ ماری کر رہا ہے۔ جمعہ کو این سی بی کی ٹیم نے اس معاملے میں ایک بڑے ڈرگس پیڈلر کو گرفتار کیا ہے۔ راحل وشرام نام کے اس ڈرگ پیڈلر کے پاس سے این سی بی کو تقریباً ایک کلو ڈرگس ملی ہے۔ ان ڈرگس کی قیمت 3 سے 4 کروڑ روپئے کے آس پاس بتائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ این سی بی کی ٹیم کو راحل کے گھر سے 4.5 لاکھ روپئے نقد بھی ملا ہے۔ ابھی تک کی خبر کے مطابق، راحل کا بالی ووڈ شخصیات کے ساتھ سیدھا لنک تھا اور وہ بالی ووڈ کی پارٹیوں میں آیا بھی کرتا تھا۔
ریا چکرورتی معاملے میں این سی بی کی ٹیم ممبئی سے لے کر گوا تک کے ڈرگ نیٹ ورک کی تلاش میں مصروف ہوگئی ہے۔ ابھی تک جتنے بھی ڈرگ پیڈلر پکڑے گئے ہیں، ان کے کنکشن شووک چکرورتی اور ریا چکرورتی سے ملے ہیں۔ این سی بی کی ٹیم چاہتی ہے کہ وہ ان پیڈلر کے ذریعہ اس پوری چین کا پتہ لگائے، جس سے ممبئی کے ساتھ ہی پورے ملک میں پہنچائی جارہی ڈرگس کے نیٹ ورک کا انکشاف کیا جا سکے۔ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے اور ان کی ٹیم نے ممبئی کے پووائی میں چھاپہ مارا اور دو سے تین لوگوں کو حراست میں لے لیا۔ ان کے پاس سے بھی ٹیم کو 500 گرام کے قریب بڈملی ہے۔ ایک گرام بڈ کی قیمت 6 سے 8 ہزار کے درمیان بتائی جارہی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بازار میں اس پوری بڈ کی قیمت تقریباً 30 سے 40 لاکھ کے آس پاس ہے۔