مظفرپور۔ اس وقت کی بڑی خبر بہار کے مظفرپور سے آ رہی ہے جہاں ریاست کے ایک فنکار کی ممبئی میں مشتبہ حالت میں موت ہو گئی۔ متوفی فنکار کا نام اکشت اتکرش ہے جو ممبئی میں فلم صنعت میں کام کرتے تھے۔ اطلاعات کے مطابق،اکشت بالی ووڈ کے ساتھی فنکار تھے۔ وہ بنیادی طور پر مظفرپور کے سکندر پور کے رہنے والے تھے۔ متوفی کے کنبہ نے اکشت اتکرش کی مشتبہ حالت میں موت کے بعد قتل کا الزام لگایا ہے۔
متوفی کے ماموں رنجیت سنگھ نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ رات نو بجے اکشت کی والد سے بات چیت ہوئی تھی، لیکن اس کے بعد دیر رات اس کی موت کی خبر ملی۔ اس کے ساتھ ہی اکشت کے ماموں نے ممبئی پولیس پر بھی تعاون نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اکشت بنیادی طور پر مظفرپور کے سکندر پور کے رہنے والے تھے اور وجینت چودھری عرف راجو چودھری کے بیٹے تھے۔ ان کی لاش ممبئی سے کچھ دیر پہلے ہی پٹنہ ائیرپورٹ پر پہنچی ہے۔
اکشت کے کنبے کا الزام ہے کہ ممبئی پولیس نے اس معاملہ میں کسی بھی طرح کا کوئی تعاون نہیں کیا ہے۔ ساتھ ہی کسی بھی طرح کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔ فی الحال اس واقعہ کے بارے میں تفصیلی معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ معلوم ہو کہ اس سے پہلے بھی ممبئی میں بہار کے رہنے والے بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بھی مشتبہ حالت میں موت ہو چکی ہے اور ان کی موت کی گتھی بھی ابھی تک سلجھ نہیں سکی ہے۔
34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق انھوں نے خودکشی کی تھی۔ تاہم ان کے خاندان نے ریا چکرورتی کے خلاف سشانت کو خودکشی پر اکسانے اور اس میں مدد دینے کا مقدمہ درج کروایا ہے۔