بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان کا اپنے فلمیں کیریئر کے حوالے سے کہنا ہے کہ ان کی فلاپ فلمیں بھی ناکس آفس پر 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرلیتی ہیں۔
52 سالہ سلمان خان بہت جلد فلم ’لویاتری‘ کے ساتھ اپنے بہنوئی کو بولی وڈ میں لانچ کرنے جارہے ہیں۔
اس فلم میں سلمان کے بہنوئی آیوش شرما کے ساتھ اداکارہ ورینا حسین کام کرتی نظر آئیں گی۔
فلم کی ریلیز سے قبل ہی سلمان خان پر اپنے بہنوئی کو لانچ کرنے کے باعث اقرباءپروری کا الزام عائد کردیا گیا۔
اس کے بعد اداکار کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ آیوش اپنے ڈیبیو کے لیے طویل عرصے سے کافی محنت کررہے ہیں، اور اگر وہ انہیں لانچ نہیں کرتے تو کوئی اور بڑا پروڈیوسر انہیں ہندی سینما میں لانچ کردیتا۔
سلمان خان کا مزید کہنا تھا کہ آیوش ایک سیاست دان کے بیٹے ہیں اور انہیں بولی وڈ میں لانچ کرنا اقرباءپروری نہیں، کیوں کہ آخر میں شائقین ہی اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ کون بولی وڈ میں آگے بڑھے گا اور کون پیچھے رہ جائے گا۔
یاد رہے کہ سلمان خان کی آخری ریلیز فلم ’ریس 3‘ بری طرح ناکام ہوئی، اس کے باوجود فلم نے 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔
اس حوالے سے اداکار نے کہا کہ ’میں ہمیشہ سے اتنا خوش قسمت رہا ہوں کہ میری فلاپ فلمیں بھی 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرلیتی ہیں، اس لیے میں نے آیوش اور ورینا سے کہا ہے کہ اگر ان کی فلم فلاپ بھی ثابت ہو تو وہ کم سے کم 160 کروڑ روپے کا بزنس تو کریں گی‘۔
فلم رواں سال 5 اکتوبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔