نئی دہلی،26مارچ؛ کانگریس نے وزیراعظم نریندرمودی کو غریب مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت میں غریبوں ،پسماندوں،دلتوں اور قبائلیوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اور نوٹوں کی منسوخی اور غلط جی ایس ٹی جیسے فیصلوں سے ان طبقوں کی روزی روٹی چھینی گئی ہے۔
کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ان طبقوں کی ترقی کےلئے جاری منصوبوں کےلئے فنڈالاٹمنٹ میں کٹوتی کی ہے۔کانگریس ان طبقوں کا بھلا چاہتی ہے لیکن مودی حکومت اس کی مخالفت کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس صدرراہل گاندھی نے ملک کے غریبوں کو آگے لانے کےلئے کم از کم آمدنی منصوبے کا اعلان کیا ہے اور اس کے تحت کانگریس کی حکومت بننے پر ہر مہینے غریب کنبوں کو اوسطاًچھ ہزار روپے دئے جائیں گےاور اس کا فائدہ ملک کی بڑی آبادی کو ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ اس منصوبے کا فائدہ 20فیصد آبادی کو ہوگا اور 72ہزار روپےسالانہ ہر غریب کنبے کو ملیں گے۔اوسطاً کم ازکم آمدنی کے تحت دی جانے والی رقم کنبے کی خاتون خانہ کے کھاتے میں جائے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ غریبوں کےلئے دیگر کسی بھی منصوبے کو بند نہیں کیا جائےگا۔