نئی دہلی،5 ستمبر (یواین آئی ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ اساتذہ ہی ملک کی تعمیر کرنے والے ہیں جو شہریوں کی ترقی کرنے کےلئے ان کی کردارسازی کی مضبوط بنیاد ہمارے بچوں میں ڈالتے ہیں۔
مسٹر کووند نے قومی اساتذہ ایوارڈ کی ورچوؤل تقریب سے اپنے خطاب میں ہفتے کو کہا کہ اساتذہ کی حقیقی کامیابی طلبہ کو اچھا انسان بنانا ہے جو عقلی طورپر سوچنے کی قابلیت اور کام کرنے کے اہل ہوں،جن میں ہمدردی ، ہمت اور دانشمندی ، تخلیقی صلاحیت ، سائنسی سوچ اور اخلاقی اقدارکے تال میل کے قابل ہوں۔
انہوں نے اساتذہ کے پرعزم ،تعاون اور فضیلت کے تئیں اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اچھی کلاس روم اور آلات سے آراستہ اسکول نہیں بنتا ہے بلکہ اساتذہ کے عزم اور قربانی سے اس کی تعمیر ہوتی ہے۔
اس تقریب میں ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے انتظام علاقوں کے 47 اساتذہ کو اعزاز سے نوازا گیا جن میں 18 خاتون اساتذہ ہیں اور دو دویانگ زمرے کے ٹیچر ہیں۔