رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تشکیل پانے والے اینٹی کورونا نیشنل ہیڈکوارٹر اور وزارت صحت کی ہدایات اور سفارشات پر عمل کرنے کو سب کے لئے ضروری قرار دیا ہے ۔ دوسری جانب ملک میں ایک کروڑ افراد کا چیک اپ مکمل کر لیا گیا ہے ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے ایک تحریری پیغام میں اپنے دفتر کو مخاطب کرتے ہوئے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے وزارت صحت اور قومی کمیشن کی تدابیر و ہدایات کو ہر کسی کے لئے لازم العمل قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ کورونا سے مقابلے کی قومی رضاکار مہم علمی و سائنسی بنیادوں پر استوار اور دینی، جہادی و انسانی جذبات سے آراستہ ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے؛
بسمه تعالی
دفتر! وزیر محترم اور رفقائے کار کی اس وسیع پیمانے پر محنت و مشقت کی قدردانی کی جائے۔ بیماری کی روک تھام کے سلسلے میں وزارت صحت اور قومی کمیشن کی تدابیر ہر کسی کے لئے لازم العمل ہیں۔ کورونا سے مقابلے کی قومی رضاکار مہم جو علمی و سائنسی بنیادوں پر استوار اور دینی، جہادی و انسانی جذبات سے آراستہ ہے، ایک کارآمد مہم اور وہی چیز ہے جو ان شاء اللہ آفات کو نعمت اور خطرات کو مواقع میں تبدیل کر دے گی۔
اللہ تعالی سے مجاہدانہ انداز میں خدمات انجام دینے والوں کے لئے توفیقات اور اجر کی دعا کرتا ہوں۔
15 مارچ 2020
واضح رہے کہ ایرانی محکمہ صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان کے مطابق اب تک مجموعی طور پر ملک کے اندر 13 ہزار 938 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ متاثرہ افراد میں سے 724 افراد کا انتقال ہوا جبکہ 4 ہزار 790 افراد صحت یاب ہونے میں کامیاب رہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کورونا وائرس کے مقابلے کے لئے ایران کی وزارت صحت اور اینٹی کورونا نیشنل ہیڈکوارٹر کی کوششوں کو سراہتے ہوئےان اداروں کی سفارشات اور ہدایات پر عمل درآمد کو سب کے لئے ضروری قراردیا ۔ آپ نے ایک پیغام میں فرمایا کہ کورونا سے مقابلہ کرنے کے لئے ملکی سطح پر جو مہم شروع ہوئی ہے وہ بلا کو ایک نعمت اور خطرے کو مواقع میں تبدیل کرے گی –
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ وزیر صحت اور ان کے رفقائے کار کی اس وسیع پیمانے پر محنت و مشقت کی قدردانی کرتے ہیں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بیماری کی روک تھام کے سلسلے میں وزارت صحت اور اینٹی کورونا نیشنل ہیڈکوارٹر کی تدابیر اور سفارشات پر عمل کرنا ہر شخص پر لازم ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ کورونا سے مقابلے کی قومی مہم جو سائنسی بنیادوں پر استوار ہے اس میں دینی جہادی اور انسانی جذبہ پوری طرح کار فرما ہے اور یہ ایک کارآمد منصوبہ ہے اور وہی چیز ہے جو ان شاء اللہ بلا کو نعمت اور خطرات کو مواقع میں تبدیل کردے گی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مجاہدانہ طریقے سے خدمات انجام دینے والوں کی توفیقات اور بارگاہ الہی میں ان کے لئے اجر و ثواب کی دعا کی ۔رہبر انقلاب اسلامی نے اس سے قبل ایران کی مسلح فورسز کے سربراہ جنرل باقری کے نام ایک فرمان جاری کر کے کورونا وائرس کے مقابلے میں مسلح فورسز کی طرف سے عوام کو پہنچائی جانے والی خدمات کی قدردانی کی تھی اور ان خدمات کو ایک طبی و معالجاتی کمانڈ کے تحت لاکر مزید منظم کرنے پر تاکید فرمائی تھی ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے بارہ مارچ کو جاری ہونے والے بیان میں فرمایا تھا کہ کچھ ایسے ثبوت و شواہد ملے ہیں جن کے پیش نظر ‘بایولوجیکل حملے’ کا امکان پایا جاتا ہے۔رہبر انقلاب اسلامی کے اس پیغام کے بعد کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے تشکیل پانے والے اینٹی کورونا نیشنل ہیڈکوارٹر کا اجلاس ہوا جس کے اختتام کے بعد ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل باقری نے کہا کہ ایک ہفتے سے دس دن کے اندر ایران کے تمام شہریوں کی انٹرنیٹ یا ٹیلی فون کے ذریعے خبر لی جائے گی اور اگر لازم ہوا تو لوگوں کے گھروں پر جا کر ان کی جانچ کی جائے گی ۔ پروگرام کے مطابق اب تک ملک میں ایک کروڑ افراد کا مکمل چیک اپ ہو چکا ہے جن میں نو سو لوگوں کو اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔ایران کے نائب وزیر صحت نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں کا چیک اپ کیا جا چکا ہے ان میں سے ساٹھ لاکھ افراد کا چیک اپ طبی مراکز کے ذریعے اور سینتیس لاکھ سے زیادہ افراد کا چیک اپ وزارت صحت کے قائم کردہ سسٹم کے ذریعے انجام پایا ہے ۔ایران کے وزیرصحت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملک کے بعض صوبوں میں ملک کی پچھتر فیصد سے زیادہ آبادی کا چیک اپ مکمل ہو چکا ہے کہا کہ کورونا کا چیک اپ ہی اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا کم خرچ اور آسان ذریعہ ہے ۔وزارت صحت کے اعلان کے مطابق ایران میں کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والے تیرہ ہزار نو سو اڑتیس افراد میں سے چار ہزار سات سو نوے افراد صحتیاب ہو چکے ہیں ۔