رانچی، 21 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یوگا کے بین الاقوامی دن کے موقع پر کہا کہ یوگا پرعمر، رنگ، ذات، فرقے، ذہنیت،عقیدہ، امیری،غربت، ریاست اور سرحدوں کی حدود کی کوئی پابندی نہیں ہے اور یہ سب کے لئے ہے اور اس پر سب کا حق ہے۔
مسٹر مودی نے آج یہاں پربھات تارا میدان میں پانچویں یوگا کے بین الاقوامی دن کے موقع پرتقریباً 40000 لوگوں کے ساتھ يوگا کرنے سے قبل لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’یوگا سبھی حدود سے باہر ہے۔ یوگا سب کا ہے اور سب یوگا کے ہیں۔ میں نے کہا کہ جب ہم آدھے گھنٹے یوگا کرتے ہیں تو وہی یوگا نہیں ہے۔ یوگا نظم و ضبط ہے، لگن ہے، یہ عمل پوری زندگی کرنا ہوتا ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج کل یوگا ڈرائنگ روم سے بورڈ روم تک، شہروں کے پارک سے لے اسپورٹس کمپلکس تک پہنچ گیا ہے۔ آج گلی کوچوں سے ویلنیس سینٹرز تک چاروں طرف یوگا کو تجربہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بدلتے ہوئے وقت میں بیماری سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ ویلنیس پر ہمارا فوکس ہونا ضروری ہے اور یہ طاقت ہمیں یوگا سے ملتی ہے۔ یہی جذبہ یوگا اور قدیم ہندوستان کا ہے۔