چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 490 ہو گئی ہے جبکہ 24،324 افراد میں اس کے انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔چین کی سرکاری ہیلتھ کمیٹی نے بدھ كو ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔اس سے پہلے منگل کو جاری رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے 425 افراد ہلاک اور 20،438 معاملات کی تصدیق ہوئی تھی۔
چین کی سرکاری ہیلتھ کمیٹی کے مطابق چار فروری کی آدھی رات تک اس کے 31 صوبوں سے اطلاع ملی ہے ، جس کے مطابق کورونا وائرس کے 24،324 معاملات کی تصدیق کی جا چکی ہے جس میں 3،219 لوگوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ 490 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 892 لوگوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
وہیں دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 20،600 سے زیادہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کی منگل کو جاری رپورٹ کے مطابق چین میں اب تک کورونا وائرس کے 20،471 معاملات کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 23،214 دوسرے لوگوں میں کورونا وائرس کے ہونے کا شبہ ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 425 افراد کی موت ہو چکی ہے جن میں زیادہ تر عمر دراز افراد شامل ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر 2788 مریضوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جبکہ 680 لوگ اس بیماری سے شفا یاب ہو چکے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کی تازہ رپورٹ کے مطابق چین سے باہر 24 ممالک میں کورونا وائرس کے 176 کیسز کی اب تک تصدیق ہو چکی ہے۔ڈبلیو ایچ او نے چین کے باہر نو دیگر ممالک میں کورونا وائرس کے انسان سے انسانوں کے متاثر ہونے کے 27 کیسز کی فہرست تیار کی ہے