نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پانی کے تحفظ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی سے ہی زندگی ہے، اس لیے تمام جانداروں کو پانی فراہم کرنے کے لیے پانی کے تحفظ کو ایک تحریک بنانا چاہیے۔
محترمہ دروپدی مرمو نے منگل کے روز یہاں بھارت منڈپم میں تین روزہ آٹھویں انڈیا واٹر ویک کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے تحفظ کو نہ صرف ملک میں بلکہ پوری دنیا میں ایک تحریک بنانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے تمام متعلقین کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ ساتھ مل کر پانی کو بچانے کے نئے طریقے تلاش کرنے اور تمام روایتی طریقے اپنا کر پانی کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پانی کے تحفظ کی وزارت کی طرف سے کئے جا رہے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے تحفظ کا بندوبست، اس کی ترقی اور فراہمی کو مزید موثر بنانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون، شمولیت اور شراکت کو فروغ دینے کے واسطے وزارت کی طرف سے کی جانے والی کوششیں قابل تعریف ہيں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ وزارت نے آبی مشن کے تحت تمام شہریوں کو صاف پانی تک رسائی کو یقینی بنایا ہے۔ یہ بات مزید خوش آئند ہے کہ ملک کے 78 فیصد دیہی علاقوں کو پانی کے کنکشن فراہم کیے گئے ہیں اور یہ پانی کی رسائی کے حوالے سے قابل ذکر کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے تحفظ، بہتر انتظام، ترقی اور تقسیم کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سب کی شمولیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے اور عوامی تحریک شروع کرنی چاہیے۔