برطانیہ کے وزیرداخلہ سوئیلا بریورمین نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی جانب سے تین شہریوں کی گرفتاری کے بعد حکومت نے مذاکرات شروع کردیے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع غیرملکی خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت 53 سالہ کیون کورنویل، امدادی کارکنوں کے لیے ایک ہوٹل کے منیجر جن کا نام معلوم نہ ہوسکا اور یوٹیوبر مائلز روٹلیڈج کے نام سے ہوئی ہے۔
برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کی سلامتی کے لیے حکومت مذاکرات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرمنافع بخش ادارہ پریدیڈیم نیٹ ورک نے ٹوئٹر پر بتایا کہ وہ ان میں سے دو افراد کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے۔
برطانیہ کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم افغانستان میں زیر حراست برطانوی شہریوں تک قونصلر رسائی کے لیے سخت جدوجہد کر رہے ہیں اور ہم متعلقہ خاندانوں سے تعاون کر رہے ہیں۔
پریسیڈیم نیٹ ورک کے نمائندے اسکاٹ رچرڈز نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ ہمیں یقین ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا جا رہا ہے۔









