وراٹ نگر (نیپال)، 21 جنوری (یوا ین آئی) وزیراعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما نے منگل کو یہاں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ دونوں ممالک کی سرحدو ں سے مال کی نقل و حرکت کو ہموار بنانے کے لئے مربوط (انٹیگریٹڈ) چیک پوسٹ(آئی سی پی) کی شروعات کی اور امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں ایسی مزید سہولیات شروع کی جائیں گی۔
مسٹر مودی نے نئی دہلی سے اور مسٹر اولی نے کٹھمنڈو سے ویڈیو کانفرنسنگ سے جڑے تھے۔ دونوں لیڈروں نے 2015میں زلزلہ کے بعد گھروں کے تعمیر نو پروجیکٹ کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ قومی سیکورٹی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے بھی اس موقع پر وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے۔
وزیراعظم نے اس موقع پراپنے خطاب میں کہاکہ نیپال کی چو طرفہ ترقی میں اس کی ترجیحات کے مطابق ہندستان ایک قابل اعتماد شراکت دار کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
’پڑوسی پہلے‘ انکی حکومت کی ترجیح رہی ہے اور سرحد پار کنیکٹیوٹی کو بڑھانا اس پالیسی کا ایک خاص مقصد ہے۔ پڑوس میں تمام دوست ممالک کے ساتھ آمدورفت کو آسان اور ہموار بنانا اور ہمارے مابین تجارت، ثقافت، تعلیم وغیرہ شعبوں میں رابطہ کو مزید آسان بنانے کے لئے حکومت پرعزم ہے۔