کھاٹمنڈو : نیپال کے دولکھا ضلع کے رولوالنگ پہاڑی سلسلے میں پیر کی صبح برفانی تودہ گرنے سے سات کوہ پیماؤں کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں پانچ غیر ملکی اور دو نیپالی شہری شامل ہیں جب کہ چار نیپالی کوہ پیما تاحال لاپتہ ہیں۔
ڈولکھا ڈسٹرکٹ پولیس آفس کے مطابق، حادثہ صبح تقریباً 8:30 بجے اس وقت پیش آیا جب 15 رکنی ٹیم یالونگ ری چوٹی کی طرف جا رہی تھی۔ ٹیم میں پانچ غیر ملکی کوہ پیما اور دس نیپالی گائیڈ شامل تھے۔
برفانی تودے کی زد میں آنے پوری ٹیم برف کے نیچے دب گئی۔ تاہم خراب موسم اور مواصلاتی خلل کے باعث بروقت ریسکیو آپریشن شروع نہیں کیا جا سکا۔
ڈولکھا کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گیان کمار مہتو نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے غیر ملکی کوہ پیماؤں میں تین فرانسیسی، ایک کینیڈین اور ایک اطالوی شہری شامل ہے۔
مسٹر مہتو کے مطابق، ٹیم کا اصل ہدف ڈولما کانگ پر چڑھنا تھا، لیکن اس سے پہلے انہوں نے مشقی چڑھائی کے طور پر یالونگ ری کا انتخاب کیا۔
مہتو نے کہا کہ حادثے کی اطلاع دیر سے ملی اور مسلسل برف باری اور بادل چھائے رہنے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن شروع نہیں ہو سکا۔ لامابگر سے فوج، مسلح پولیس فورس اور نیپال پولیس کو روانہ کیا گیا، لیکن خراب موسم نے آپریشن میں شدید رکاوٹ ڈالی۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق وادی رولنگ میں کئی دنوں سے مسلسل برف باری ہو رہی تھی جس کے باعث قریبی دیہات کے زیادہ تر مکین دوسرے گاؤں چلے گئے تھے۔