نیپال کے وزیر داخلہ رام بہادر تھاپا نے لیپولیکھ بارڈر کا دو دنوں کا دورہ کیا ۔ درجن بھر سیکورٹی افسران کے ساتھ نیپال کے وزیر داخلہ نے سیتاپل کے پاس چھانگرو میں اے پی ایف کمپنی بھون کا سنگ بنیاد رکھا ۔ چھانگرو میں نیپال اب تقریبا 150 جوانوں کو ہر وقت تعینات کرے گا جبکہ دارچولہ کو نیم فوجی دستہ کا ہیڈ کوارٹر بنادیا گیا ہے ۔ نیپالی وزیر داخلہ نے لیپولیکھ کے نزدیک تنکر کا ہوائی دورہ بھی کیا ۔
تنکر کے نزدیک ہی ہندوستان ، نیپال اور چین کا ٹرائی جنکشن ہے ۔ ایسے میں یہ علاقہ تینوں ممالک کی سیکورٹی کے اعتبار سے اہم ہے ۔ 8 مئی کو چین سرحد کو جوڑنے والی لیپولیکھ سڑک کے افتتاح کے بعد اتراکھنڈ میں اس بارڈر پر کافی کچھ تبدیل ہوگیا ہے ۔