ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہےکہ اسرائیلی وزیراعظم نے تسلیم کرلیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کی خاطر دھوکا دے کر امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں دھکیلا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خطاب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عبرانی زبان میں خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کھلے الفاظ میں مان لیا ہے کہ انہوں نے امریکا کو ایران جنگ میں شامل ہونے کے لیے بے وقوف بنایا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ نیتن یاہو واضح طور پر اس بات پر ہنس رہے ہیں کہ امریکی ٹی وی نیٹ ورکس پر ایک ہزار گھنٹے ائیر ٹائم حاصل کرکے وہ کس طرح امریکا پر اثرانداز ہوئے۔تاہم انگریزی میں تو نیتن یاہو امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سراہ رہے ہیں۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی وزیراعظم کو سانپ قرار دیا۔
واضح رہے کہ اس خطاب میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ وہ 40 سال سے ایران سے ڈیل کررہے ہیں۔انہیں بہت وقت لگا کہ وہ اسرائیلی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کو ایران اور اس کی شاخوں کے خلاف کارروائی پرآمادہ کرسکیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ انہیں اس میں بھی بہت وقت لگا کہ وہ امریکا کو بھی اس بات پر قائل کرسکیں کیونکہ انہیں اپنے مؤقف پرقائل کرنےکیلئے امریکی ٹی وی پر تقریباً ایک ہزار گھنٹے ملے تھے۔