نئی دہلی : ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے نئے کیسز کی تعداد چھ ہزار سے کم ہو کر 5,784 رہ گئی ، جبکہ وبا سے اس دوران 252 مزید لوگوں کی موت ہو گئی۔ دریں اثنا پیر کو 66 لاکھ 98 ہزار 601 کووڈ ٹیکے لگائے گئے اور اس کے ساتھ ہی مجموعی ٹیکہ کاری کی تعداد ایک ارب 33 کروڑ 88 لاکھ 12 ہزار 577 ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت برائے صحت کی طرف سے منگل کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7,995 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے ساتھ ہی اس وبا سے نجات پانے والوں کی کل تعداد بڑھ کر تین کروڑ 41 لاکھ 38 ہزار 763 ہو گئی ہے۔ اس دوران ایکٹو کیسز 2463 کم ہو کر 88993 رہ گئے ہیں اور 252 مزید مریض زندگی کی جنگ ہار گئے اوراب تک اس وائرس کے انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد چار لاکھ 75 ہزار 888 ہو گئی ہے ۔ ملک میں شفایابی کی شرح 98.37 فیصد، ایکٹوکیسز کی شرح 0.26 فیصد اور شرح اموات 1.37 فیصد پر برقرار ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیرالہ ایکٹو کیسز اور اموات کے معاملے میں سب سے آگے رہا ہے۔ ریاست میں ایکٹو کیسز 2077 کم ہو کر 36,941 رہ گئے ہیں۔ ریاست میں 4,308 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے ساتھ ہی کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 51,16,928 ہو گئی ہے ۔ اسی عرصے میں 203 مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 43,170 ہو گئی ہے۔ مہاراشٹر میں 66 ایکٹو کیسز بڑھنے سے ان کی کل تعداد بڑھ کر 10,186 ہو گئی ہے، جبکہ مزید پانچ مریضوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 141264 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مزید 498 مریضوں کے کورونا فری ہونے کے ساتھ ان کی کل تعداد 649302 ہو گئی ہے۔