جاپان کے 59 سالہ ولی عہد نارو ہیتو کی جانب سے بادشاہت کا تخت سنبھالے جانے کے بعد وہاں نئے دور کا آغاز ہوگیا۔جاپان میں بادشاہ بدلنے سے دور بھی بدل جاتا ہے اور نئے بادشاہ کی جانب سے تخت سنبھالے جانے سے قبل ہی اس کے دور کے نام کا اعلان کردیا جاتا ہے۔
نارو ہیتو کے دور کو ’ریوا‘ کا نام دیا گیا ہے جب کہ ان کے والد اور سابق بادشاہ آکی ہیتو کے دور کو ’ہے سے’ کہا جاتا تھا۔
سابق بادشاہ آکی ہیتو گزشتہ روز 30 اپریل کو تخت سے الگ ہوئے تھے اور ان کی جانب سے بادشاہت چھوڑے جانے کی شاندار تقریب منعقد کی گئی تھی۔
آکی ہیتو کی جانب سے تخت چھوڑے جانے کی تقریب میں جاپانی وزیر اعظم اور ارکان پارلیمنٹ سمیت شاہی خاندان کے تمام افراد اور اعلیٰ سفارت کاروں نے شرکت کی تھی۔
سابق بادشاہ آکی ہیتو کے تخت چھوڑنے اور نئے بادشاہ نارو ہیتو کے تخت سنبھالنے کی تقریبات کو جاپان کے سرکاری ٹیلی وژن نے براہ راست دکھایا گیا اور جاپان میں 10 روزہ جشن منایا جا رہا ہے۔