یورپی یونین نے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے یورپی یونین کی عائد کردہ نئی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے روس کو بیلسٹک میزائل دینے کی خبروں کی تردید کر دی۔
انہوں نے کہا کہ یورپ کو اسرائیل کی بلیک میلنگ کا سامنا کرنا ہے تو کوئی اور بہانہ تلاش کرے، ایران اور روس کا دفاعی تعاون یوکرین جنگ سے پہلے سے جاری تھا۔
عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک نے صہیونی حکومت کو ہتھیار دیے جو ایران کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ یورپی ممالک ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی پر امریکا سے تعاون کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل امریکا نے بھی ایران کے تیل کے شعبے پر نئی پابندیاں عائد کی تھیں۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے ایرانی تیل کی تجارت، نقل و حمل میں شامل کمپنیوں اور بحری جہازوں پر پابندیاں لگائی گئی تھیں۔
اس حوالے سے امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ایران کو اسرائیل پر غیر معمولی حملے کے بعد اقدامات پر نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔